نئی دہلی:پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل کانگریس کی پارلیمانی پارٹی نے اہم میٹنگ کی، جس میں سرمائی اجلاس کے دوران چین کی دراندازی، اقتصادی مسائل اور آئینی اداروں میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ان مسائل پر گھیرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ کے بعد کانگریس کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے بتایا کہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی نے 7 دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پارٹی کی حکمت عملی پر گفتگو کرنے کے لیے اسٹریٹجک گروپ کی میٹنگ بلائی تھی، جس میں کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے، پی چدمبرم، منیش تیواری، کے سی وینوگوپال، ادھیر رنجن چودھری، مانک ٹیگور، جاوید انصاری، کے سریش اور جے رام رمیش خود موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں بے روزگاری، کسانوں کو تحفظ کی ضمانت، مہنگائی، سائبر کرائم، جنگلات کے حقوق، یو پی اے حکومت کے دوران بنائے گئے آر ٹی آئی، اور منریگا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔