حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر جھوٹ بیانی میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بیانی کے معاملہ میں دنیا بھر میں گوبیلس کو پہلا مقام حاصل ہے لیکن اسے کسی نے نہیں دیکھا ہے جبکہ نریندر مودی اور کے سی آر کو عوام دیکھ رہے ہیں۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ہر واقعہ کا سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے کئی سنگین مسائل میں سیاسی فائدہ کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر مباحث کے دوران کشمیر میں پہلگام دہشت گرد حملہ کے ذمہ دار دہشت گرد کی انکاونٹر میں ہلاکت کی خبر منظر عام پر آئی۔ نارائنا نے سوال کیا کہ کہیں ایسا تو نہیں بہت پہلے گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کو ابھی تک جان بوجھ کر چھپا کر رکھا گیا اور پارلیمنٹ میں مباحث کے وقت انکاونٹر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا نے 7.5 لاکھ سیکوریٹی عملہ تعینات تھا، باوجود اس کے دہشت گردوں کا پہلگام تک پہنچنا باعث حیرت ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ احمد آباد میں طیارہ کے حادثہ میں ہلاک افراد کے پسماندگان کو فی کس ایک کروڑ روپئے معاوضہ ادا کیا گیا لیکن پہلگام دہشت گرد حملہ کے متاثرہ خاندانوں کو محض ایک لاکھ روپئے معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کے دہشت گردوں کو بی جے پی سیاسی مقصد براری کیلئے استعمال کر رہی ہے۔1