پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ کیخلاف بی آر ایس کا احتجاج

,

   

تلنگانہ سے وعدوں پر خاموشی افسوسناک، کیشو راؤ اور ناگیشور راؤ کا ردِ عمل

حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے ناانصافی کے خلاف پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی جائے گی۔ بی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائدین ناما ناگیشورراؤ اور ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نرملا سیتا رامن کے بجٹ میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بی آر ایس ارکان آواز اٹھائیں گے۔ مرکزی بجٹ کو تلنگانہ کے علاوہ کسانوں، غریبوں اور دیہی علاقوںکا مخالف بجٹ قراردیتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت پارلیمنٹ میں جو قانون سازی کی گئی تھی اس کے تحت وعدوں کو مودی حکومت نے فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جانب سے بجٹ میں شمولیت کیلئے جن امور کی نشاندہی کی گئی تھی ان میں سے ایک بھی شامل نہیں کیا گیا۔ بجٹ سے کسانوں، غریبوں اور عام آدمی کو کافی توقعات تھیں لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کیلئے فنڈز کی منظوری میں مرکز ناکام ہوچکا ہے۔ بی آر ایس قائدین نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں انتخابات کے پیش نظر خشک سالی کی صورتحال کیلئے 5300 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جبکہ دیگر ریاستوں کو حکومت نے بجٹ میں فراموش کردیا گیا۔ 9 برسوں میں2 کروڑ روزگار کا اعلان کیا گیا لیکن اس کی تفصیلات آج تک جاری نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور بیارم اسٹیل پلانٹ پر مرکزی بجٹ خاموش ہے۔ بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ دونوں ایوانوں میں تلنگانہ سے ناانصافیوں پر آواز اٹھائیں گے اور مرکز کو مجبور کیا جائے گا۔ر