جے پور : ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے پارلیمنٹ میں دو دن پہلے پیش آئے واقعات پر کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ اس کے لیڈروں کا طرز عمل غیر ضروری، غیر متوقع اور ناپسندیدہ ہے جو کسی بھی طرح قبول نہیں کیا جا سکتا اور جب ہندوستان میں جمہوریت 75 سال پرانی ہو چکی ہے تو اس طرح کی حرکت ناقابل معافی ہے ۔ شیخاوت نے میڈیا سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے اجمیر روڈ پر بھانکروٹا میں گیس ٹینکر حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ بدقسمت، دردناک، افسوسناک اور کبھی نہ بھولنے والا ہے جو متاثر ہوئے ہیں، اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، خدا ان کی پریشانیوں کو دور کرے ۔ ان کو جلد صحت یاب کرے ۔ جو لوگ چلے گئے ، ان کے لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر اس پر کام کر رہے ہیں جو بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کا حادثہ دوبارہ نہ ہو۔ آئندہ ماہ سے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلے سے متعلق سوال پر، مسٹرشیخاوت نے کہا کہ پریاگ راج میں دنیا کا سب سے بڑا انسانوں کا اجتماع ہوگا۔ ایک اندازے کے مطابق 45 دن کے مہاکمبھ میں 45 کروڑ سے زیادہ لوگ آئیں گے ۔ چین اور ہندوستان کے علاوہ دنیا کے کسی اور ملک میں اتنی آبادی نہیں ہے جتنے لوگ میلے میں جمع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش اور مرکزی حکومت دونوں مہاکمبھ کے سلسلے میں مل کر کام کر رہی ہیں۔