راہول گاندھی کی قیادت میں اڈانی مسئلہ پر احتجاج، تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی شرکت
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ اڈانی مسئلہ پر اپوزیشن کے گذشتہ دس دنوں سے جاری احتجاج کے باوجود حکومت پارلیمنٹ میں مباحث کیلئے تیار نہیں ہے۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن ارکان نے آج بھی پارلیمنٹ کے احاطہ میں اڈانی ۔ مودی ملی بھگت کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ جب پارلیمنٹ میں داخلہ کیلئے پہنچے تو کانگریس رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی نے انہیں گلاب اور ترنگا کا نشان حوالے کیا اس کے بعد راہول گاندھی نے بھی راجناتھ سنگھ کو گلاب پیش کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ اڈانی مسئلہ پر اپوزیشن نے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو روک دیا ہے۔ حکومت سے مباحث کی مانگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں منی پور تشدد، سنبھل کے حالیہ واقعات اور اڈانی مسئلہ پر مباحث کی مانگ کی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جان بوجھ کر ایوان کو ملتوی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایوان کی کارروائی چلانے میں سنجیدہ نہیں ہے اور دونوں ایوانوں کو مباحث کے بغیر ملتوی کیا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے تینوں مسائل پر تفصیلی مباحث کی مانگ کی تاکہ حقائق سے عوام کو واقف کیا جائے۔ حکومت اپوزیشن کی آواز کو کچلنا چاہتی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت اڈانی سے مفاہمت کے منظرعام پر آنے سے خوفزدہ ہے لہذا ایوان میں مباحث کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا مقصد ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنا نہیں ہے بلکہ وہ عوامی مسائل پر مباحث کی مانگ کررہی ہے تاکہ عوام کو حقائق سے واقف کرایا جائے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان ڈاکٹر ملوروی اور سریش شیٹکر بھی راہول گاندھی کے ساتھ احتجاج میں شریک رہے۔ کانگریس کے علاوہ انڈیا الائنس میں شامل پارٹیوں کے ارکان نے احتجاج میں حصہ لیا۔1