نئی دہلی، 14 مئی (یواین آئی) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے اہم اتحادی جنتا دل-یونائیٹڈ نے بدھ کے روز کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور سندور مہم پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی اپوزیشن کی مانگ کا کوئی جواز نہیں ہے ۔جے ڈی یو کے قومی ترجمان راجیو رنجن پرساد نے یہاں کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور ہندوستانی فوج کی کارروائی پر اپوزیشن پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی مانگ کر رہی ہے ۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ اس پورے معاملے پر وسیع پیمانے پر بحث ہونی چاہیے ۔مسٹرپرساد نے کہا کہ اپوزیشن کی اس مانگ کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ حکومت اس سلسلے میں کل جماعتی میٹنگ بلا کر مکمل معلومات دے چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سینئر سیاستداں اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-شرد گروپ کے صدر شرد پوار نے بھی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی مانگ کو غیر عملی قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتیں پہلگام دہشت گردانہ حملے اور فوجی کارروائی پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی مانگ کر رہی ہیں۔