نئی دہلی: راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین نے آج لوک سبھا کے سابق اسپیکر پی اے کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں پھول مالا پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی، لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے افسران نے بھی آنجہانی سنگما کو خراج عقیدت پیش کیا۔پارلیمنٹ کی لائبریری میں دستیاب پی اے سنگما کی لکھی ہوئی اور ان کی زندگی اور کاموں پر محیط کتابوں کی ایک نمائش پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں لگائی گئی ہے ۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ہندی اور انگریزی میں شائع کردہ مسٹر پی اے سنگما کی سوانح حیات پر مشتمل کتابچہ کی کاپیاں معززین کو دی گئیں۔یکم ستمبر 1947 کو میگھالیہ کے مغربی گارو ہلز ضلع کے چپاہٹی گاؤں میں پیدا ہوئے مسٹر سنگما ایک کثیر جہتی شخصیت کے مالک تھے ۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ لیکچرار، وکیل اور صحافی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے ۔23 مئی 1996 کو وہ تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت سے متفقہ طور پر گیارہویں لوک سبھا کے اسپیکر کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تھے ۔اسپیکر کے طور پر، مسٹر سنگما نے اس بات کو یقینی بنایا کہ گرما گرم بحث کے دوران بھی اراکین کی طرف سے ضابطے کی پیروی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کا مطلب آزادانہ بحث، منصفانہ بحث اور صحت مند تنقید ہے اور یہ اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو یقینی بنائے ۔