پارٹی سے انحراف پر پھانسی کی سزا دی جائے

   

گاندھی بھون میں یوم جمہوریہ تقریب۔ ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر انہیں پھانسی دینے کی قانون سازی کرنے پر زور دیا ہے۔ گاندھی بھون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ امور ندیم جاوید، اے آئی سی سی ترجمان پون کھیرا ، کانگریس کے قائدین جی چناریڈی، انجن کمار یادو، ملوروی، نرنجن، این جناردھن ریڈی، ایس کے افضل الدین، شیخ عبداللہ سہیل، فیروزخان ، سید نظام الدین، اعجاز خان، ڈاکٹر محمد سلیم، ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو قتل و غارت گری کے تحت جو سخت سزائیں دی جاتی ہیں اسی طرح کی سزا دینے کے معاملہ میں دانشوروں کو غور کرنا چاہیئے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے یوم جمہوریہ تقاریب کو راج بھون اور پرگتی بھون تک محدود کرنے کی سخت مذمت کی اور اسے دستور ہند کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان اگر کوئی اختلافات ہیں تو یوم جمہوریہ تقریب کو اختلافات کا پلیٹ فارم بنانا جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ گورنر سے فوری معذرت خواہی کریں۔ ہائی کورٹ نے بھی حکومت کے رویہ پر سخت اعتراض کیا باوجود اس کے حکومت نے اپنے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی ہے۔ مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے پچھڑے طبقات کو جو تحفظات فراہم کئے ہیں مودی حکومت اس کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے، حق تعلیم قانون پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 جنوری کو راہول گاندھی کشمیر میں قومی پرچم لہرائیں گے۔آج سے تلنگانہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا شروع ہونے کا اعلان کیا۔ 6 فروری سے ریاست میں 60 دن تک اس یاترا کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ن