پاسپورٹ کے حصول میں پیشگی اپائنٹمنٹ کیلئے خصوصی کاؤنٹر کا قیام

   


ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے اڈوائزری جاری کی، درخواست گذاروں کیلئے آن لائن خدمات

حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست گذاروں کی سہولت کی خاطر 5 صفحات پر مشتمل اڈوائزری جاری کی ہے۔ اڈوائزری نے درخواست گذاروں کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال، اپواینٹمنٹ سلاٹ اور دیگر اُمور کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ پاسپورٹ کے حصول کیلئے ایسے درخواست گذار جو کسی ایمرجنسی کی صورت میں اپنے اپواینٹمنٹ کے سلاٹ کو پیشگی کرانے کے خواہاں ہوں تو وہ ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد میں قائم کردہ خصوصی کاؤنٹر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ یہ کاؤنٹر پیر اور جمعرات کو کام کرے گا جس میں اپواینٹمنٹ کو پیشگی کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی جائے گی۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا کے مطابق ایمرجنسی اور اپواینٹمنٹ کی دستیابی کے لحاظ سے درخواست گذار کو پیشگی موقع فراہم کیا جائے گا۔ اڈوائزری میں نئے پاسپورٹ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی رہنمائی کی گئی۔ پاسپورٹ آفیسر کے مطابق پاسپورٹ کے معاملات میں روزانہ سینکڑوں استفسارات موصول ہورہے ہیں اور درخواست گذاروں کو زحمت سے بچانے کیلئے اڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارہا وضاحت کے باوجود بھی درخواست گذاروں کے شبہات برقرار ہیں لہذا مستقل طور پر اڈوائزری جاری کردی گئی۔ پاسپورٹ سیوا کیندر میں اسٹاف کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے بالیا نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی، اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک طلبہ کی روانگی اور روزگار کیلئے بیرون ملک روانگی جیسے اُمور کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور مذہبی اُمور کے سفر کے سلسلہ میں درخواست گذاروں کو پہلے سے منصوبہ بندی کا مشورہ دیا گیا اور پاسپورٹ کے حصول کے بعد ہی انہیں فلائیٹ کا ٹکٹ بک کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے سلسلہ میں امیدوار مدت کے اختتام سے ایک سال قبل درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کیلئے ویب سائیٹ www.passportindia.gov.in سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اس ویب سائیٹ پر مختلف خدمات کے بٹن موجود ہیں۔درخواست کے آن لائن ادخال کے وقت امیدواروں کو اپلیکیشن ریفرنس نمبر (ARN) کے تحت تمام دستاویزات کی فوٹو کاپی داخل کرنا ہوگا جبکہ اوریجنل ڈاکیومنٹس اور آن لائن اپواینٹمنٹ کی رسید کی سافٹ کاپی یا پرنٹ آؤٹ پاسپورٹ سیوا کیندر اپواینٹمنٹ کے وقت ساتھ لانا ہوگا۔ر