جھالاوار: راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر وسندھرا راجے نے ضلع جھالاواڑ میں پینے کے پانی کے بحران پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے افسران کی سرزنش کی ہے اور کہا ہے کہ پانی صرف کاغذوں تک نہیں بلکہ عوام کے ہونٹوںتک پہنچنا چاہئے ۔ راجے نے منگل کو رائے پور شہر میں پینے کے پانی کے بحران کی شکایت پر گاؤں والوں کے سامنے جن جیون مشن اور پانی کی سہولت کے محکمہ کے افسران کی سرزنش کی اور کہا کہ کیا عوام کو پیاس نہیں لگتی، صرف آپ افسروں کو پیاس لگتی ہے ، گرمیوں میں پینے کے پانی کے بحران سے عوام پریشان ہیں، افسران مطمئن ہیں، پانی صرف کاغذوں پر ہی نہیں، عوام کے ہونٹوں تک پہنچے ۔ افسر سو رہے ہیں، لوگ روہے رہے ہیں، میں ایسا نہیں ہونے دوں گی۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جل جیون مشن کیلئے 42 ہزار کروڑ روپئے دیے ہیں۔ ایک ایک پائی کا حساب دو کہ تم نے جھالاواڑ کے حصے کی رقم کا آپ نے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پینے کے پانی کے بحران کو حل کرنے کیلئے پیسے دے رہی ہے لیکن افسران اسکیموں پر ٹھیک طرح سے عمل درآمد نہیں کررہے ہیں۔