پانی کے بہاؤ میں شدت، پلی چنتلا پراجکٹ کا 16 واں گیٹ بہہ گیا

,

   

کلکٹر کا نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ ، اسٹاپ لاک گیٹ لگایا جارہا ہے
حیدرآباد/5 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سیلاب کے بہاؤ میں شدت کے بعد پلی چنتلا پراجکٹ کے 16 نمبر کا گیٹ پانی میں بہہ گیا۔ پراجکٹ میں پانی کے اِنفلو کو دیکھتے ہوئے حکام کی جانب سے گیٹ کو تھوڑا اوپر اٹھانے کے دوران تکنیکی مسائل پیدا ہوجانے سے 16نمبر کا گیٹ اُکھڑ کر بہہ گیا جس کی وجہ سے پرکاشم بیاریج میں پانی بہہ رہا ہے جس کے بعد نشیبی علاقوں بالخصوص مادی پاڈو علاقہ کے عوام میں ڈر و خوف پیدا ہوگیا۔ ضلع کلکٹر جے نواس نے دریائے کرشنا کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہہ جانے والے 16 ویں گیٹ کے مقام پر اسٹاپ لاک گیٹ لگایا جارہا ہے۔ اس کے لئے پراجکٹ میں پانی کی سطح کم کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر دوسرے گیٹس پر پانی کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ کلکٹر نے بتایا کہ مختصر سے 8 تا 12 گھنٹوں کے درمیان 4 تا 5 لاکھ کیوزکس پانی پراجکٹ میں بہہ کر جمع ہوا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے پراجکٹ کے نشیبی علاقوں میں قیام پذیر عوام کو چوکنا رہنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ پلی چنتلا ڈیم میں پانی کا اِنفلو 2,00,804 کیوزکس ہے جبکہ آؤٹ فلو 1,10,000 کیوزکس ہے جبکہ پرکاشم بیاریج میں پانی کا اِنفلو 41,717 کیوزکس ہے اور آؤٹ فلو 33,750 کیوزکس ہے۔ کلکٹر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تالابوں اور نہروں کو عبور کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔