پاورپلے کو4+2 اوورس میں تبدیل کرنے پر غور

   

میلبورن ۔آسٹریلیائی ٹی20 لیگ بگ بیش میں کرکٹ کے نئے قواعد متعارف کروانے کے لیے تین نئے قوانین لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بگ بیش لیگ کے آئندہ آنے والے ایڈیشن میں پاور سرج، ایکس فیکٹر اور بیش بوسٹ کے نام سے ترامیم متعارف کروائی جائیں گی۔ پاور سرج قانون میں پاور پلے کو 6 اوورس کے بجائے 4 اوورس تک محدودکردیا جائے گا جس کے بعد باقی دو اوورزکا پاور پلے اننگز کے 11ویں اوورکے بعد لیا جا سکے گا جس سے بیٹنگ ٹیم زیادہ جارحانہ حکمت عملی اختیار کر سکے گی۔ ابھی ٹیمیں ابتدائی چھ اوورز میں پاور پلے کا استعمال کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایکس فیکٹر پلیئر کے نام سے اضافی قانون متعارف کروایا جائے گا جس کے نتیجے میں ٹیم کو حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پہلی اننگز کے ابتدائی10 اوورزکے بعد ایک کھلاڑی کوتبدیل کرنے کی اجازت ہوگی۔ مذکورہ کھلاڑی کو 12واں یا 13واں کھلاڑی قراردیا جا سکے گا اور کسی بھی ایسے کھلاڑی سے تبدیل کیاجاسکے گا جس نے بیٹنگ یا بولنگ نہ کی ہو۔ اس کے علاوہ بیش بوسٹ کے نام سے ایک تیسری تبدیلی متعارف کرائی جائے گی جو میچ کی دوسری اننگز میں نافذ ہوگی۔ ہرمیچ میں چار نشانات ہوں گے جن میں سے تین نشانات فاتح ٹیم کے لیے ہوں گے جبکہ ایک بیش بوسٹ پوائنٹ بونس کی شکل میں ہوگا جو دوسری اننگز کے درمیان میں دیا جائے گا۔ اس بوسٹ پوائنٹس کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ اگر ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم 10 اوورس بعد مخالف ٹیم کے آدھے اسکور سے زائدکرنے میں کامیاب رہی تو اسے نشان دیدیا جائے گا لیکن اگر ان کا اسکور اس سے کم ہوا تو فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو وہ اضافی نشان مل جائے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے بگ بیش کے سربراہ السٹر ڈوبسن نے کہا اس طرح کی نئی جدتیں متعارف کرنے کی وجہ سے ہی بگ بیش کرکٹ کی تاریخ کی سب سے دلچسپ اور کامیاب لیگ ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ پورے میچ میں دلچسپی کا عنصر برقرار رہے۔