پاکستان، ہندوستان حملہ کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمس میں اٹھائے گا

   

اسلام آباد ؍ بیجنگ ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمس میں ایل او سی پر ہندوستان کی خلاف ورزیوں کے معاملہ کو اٹھائے گا۔ مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا نے یہ بات بتائی۔ جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں اعلیٰ سطحی فوجی اور غیرفوجی قیادت نے شرکت کی جن میں فوجی سربراہ قمر جاوید باجوا کا نام بھی قابل ذکر ہے۔ نیوز چیانل کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہیکہ ہندوستان کی ایل او سی خلاف ورزی کے معاملہ کو آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC)، اقوام متحدہ اور دیگر دوست ممالک کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ یاد رہیکہ پلوامہ دہشت گرد حملوں کے بعد ہندوستان نے فضائی حملے کرتے ہوئے جیش محمد کے پاکستان میں موجود سب سے بڑی تربیت گاہ کو منگل کی اولین ساعتوں میں بمباری کرکے تباہ کردیا جس میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ دوسری طرف چین نے ہندوپاک سے صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور خصوصی طور پر ہیندوستان سے اپیل کی دہشت گردی سے مقابلہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعہ کیا جائے۔ یہ بیان ہندوستانی لڑاکا طیاروں کے ذریعہ جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے انہیں تباہ کردینے کے واقعہ کے کچھ گھنٹوں بعد دیا گیا۔