پاکستانی سپریم کورٹ کا پنجاب میں 14مئی کوالیکشن کے انعقاد کا حکم

   

اسلام آباد: پاکستانی عدالت عظمیٰ نے کہا کہ قانونی اور آئینی طور پر الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ عدالت کی خیبر پختونخواہ میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق مناسب فورم پر پھر آئینی درخواست دائر کرنے کی ہدایت۔پاکستانی سپریم کورٹ نے صوبہ پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن (ای سی پی) کے فیصلے کو ‘غیر قانونی‘ قرار دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات 14 مئی کوکرائے جائیں۔اس حوالے سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں از خود نوٹس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بنچ نے اپنا فیصلہ منگل 4اپریل کے روز سنایا۔عدالت نے خیبر پختونخواہ میں نئے الیکشن کی تاریخ کے معاملے میں مناسب فورم پر دوبارہ آئینی درخواست دائر کیے جانے کی ہدایت بھی کی۔ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ میں بھی 8اکتوبر کو ہی الیکشن کرانے کا حکم دے رکھا ہے تاہم سپریم کورٹ نے فی الحال اسے منسوخ نہیں کیا۔