پاکستانی فائرنگ میں فوجی عارف شفیع شہید

,

   

جموں و کشمیر کے سرحدی مورچوں پر پڑوسی فوج کی لگاتار دوسرے دن اشتعال انگیزی
جموں 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر لگاتار دوسرے دن آج بھی ہندوستانی سرحدی چوکیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ راجوڑی کے سندر بانی سیکٹر میں پاکستان کی بلا اشتعال فائرنگ میں رائفل مین محمد عارف شفیع عالم خاں پٹھان شہید ہوگئے۔ شمالی فوجی کمان نے ٹوئیٹ کیاکہ ’’لیفٹننٹ جنرل ناردرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ اور دیگر تمام زمروں کے فوجی اہلکاروں نے رائفل مین محمد عارف شفیع عالم خاں پٹھان کی عظیم قربانی کو سلام کرتے ہوئے متوفی کی غمزدہ ارکان خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ پٹھان گجرات کے شہر ودودرہ کے ساکن ہیں اور کاس گنج سے تعلق رکھنے والے شفیع عالم خاں کے بیٹے ہیں۔ وہ مجرد تھے اور خود کو ملک کے لئے وقف کرچکے تھے۔ وہ اپنے والد اور چار بھائیوں کے ساتھ زندگی بسر کررہے تھے۔