پاکستانی لیبارٹری کو روسی کوویڈ ویکسین کی جلد فراہمی

   

اسلام آباد : پاکستانی کمپنی چغتائی لیب کے مطابق ان کو آئندہ ہفتے کے دوران روس کی تیار کردہ اسپْٹنِک فائیو نامی کووڈ ویکسین کی خوراکیں کمرشل فروخت کے لیے فراہم کی جائیں گی۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی اطلاعات کے مطابق پاکستانی کمپنی چغتائی لیب کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ان کو روسی ویکسین اسپٹنک فائیو کمرشل سیل کے لیے آئندہ ہفتے کے دوران موصول ہوجائیں گی اور اس طرح پاکستان کووڈ ویکسین کو نجی سطح پر مارکیٹ میں فروخت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔ چغتائی لیب کے ڈائریکٹر عمر چغتائی نے ایک ٹوئیٹ میں اعلان کیا کہ اسپٹنک فائیوکی پہلی کھیپ آئندہ ایک سے دو ہفتوں کے اندر متوقع ہے۔اسلام آباد حکومت کی جانب سے کووڈ ویکسین کی منصفانہ تقسیم اور قیمت مقرر کیے بغیر ہی درآمد اور خریدوفروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ دنیا بھر میں بیشتر ممالک اس کے برعکس ویکسین کی درآمد، تقسیم اور ٹیکے لگانے کا نظام سرکاری سطح پر سنبھال رہے ہیں۔پاکستان حکومت کے اس فیصلے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ سابق وزیر صحت ظفر مرزا نے ویکسین کی مفت خریداری اور تقسیم کے لیے حکومتی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نجی سطح پر ویکسین کی فروخت کیلئے قیمت مقرر کرنے کے عمل کو نظر انداز کرنے سے معاشرے میں عدم مساوات کو مزید تقویت پہنچے گی کیونکہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر ضرورت ہے۔اسلام آباد حکومت نے رواں ماہ چینی ویکسین ‘سائنو فارم‘ کی پانچ لاکھ خوراکوں کے ساتھ ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا۔ چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی یہ نصف ملین خوراکیں عطیہ کی تھیں۔ لیکن ان چینی ٹیکوں کے علاوہ پاکستان نے کسی دوسری کمپنی کے ساتھ ویکسین خریدنے کا ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں کیا۔