پاکستانی نژاد خاتون سیاستدان پر نماز عید کے بعد حملہ

   

نیویارک : امریکہ کی ریاست کنیکٹیکٹ کے شہر ہارٹ فورڈ میں عیدالاضحی کی نماز کے بعد 33 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون سیاستدان مریم خان پر حملہ کیا گیا۔ ہارٹ فورڈ میں ایک شخص نے مریم خان اور بچوں پر بے ہودہ تبصرہ کیے، حملہ آور نے مریم خان پر تشدد کیا اور دھکا دے کر زمین پر گرایا، حملہ آور فرار ہوا تو شہریوں نے پیچھا کرکے پکڑا اور پولیس کے حوالے کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق پاکستانی نژاد مریم خان امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کے ایوان کی رکن ہیں، حملہ آور کو امن و امان کی خلاف ورزی اور حملہ کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 33 سالہ مریم خان کنیکٹیکٹ ہاؤس آف ری پریزنٹیٹیوز کی پہلی مسلمان رکن ہیں، کنیکٹیکٹ ہاؤس اسپیکر میٹ رائٹر اور اکثریتی رہنما جیسن روزاس نے مریم خان پرحملہ کی مذمت کی ہے۔ اسپیکر میٹ رائٹر کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ کیپٹل پولیس نے یقین دلایا ہے کہ ہارٹ فورڈ پولیس کے ساتھ مل کر تحقیقات کرے گی۔ گورنر کنیکٹیکٹ کا کہنا ہے کہ پریشان کن ہے کہ واقعہ مقدس دن پر ہوا، جس کا مقصد دعا کرنا تھا، قانون نافذ کرنے والے اہلکار مریم خان پر حملہ کی مکمل تحقیقات کریں گے۔