انوپ گڑھ، (راجستھان)، 3 اکتوبر (یو این آئی) آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی نے جمعہ کے روز پاکستان کو خبردار کیا کہ اگر اس نے ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کا راستہ نہیں چھوڑا تو اس کا نقشہ مسخ کر دیا جائے گا۔ جنرل دویدی نے کہا کہ اگر ہندوستان کو پاکستان کے خلاف مزید کارروائی کرنے پر مجبور کیا گیا تو آپریشن سندور 1.0 کے دوران برتے گئے تحمل کو برقرار نہیں رکھا جائے گا، اور ایسی صورت حال میں اس کا نقشہ مسخ کیا جا سکتا ہے ۔ آرمی چیف سری گنگا نگر کے سرحدی ضلع میں گھڈسانہ گاؤں کے قریب سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد فوج اور بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے افسران اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے ، یہ علاقہ پاکستان کے بہاول پور خطے کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردی کو اپنی جنگی حکمت عملی کا حصہ بنانا جاری رکھتا ہے تو آپریشن سندور 2.0 میں ہندوستان آپریشن سندور 1.0 کے دوران دکھائے گئے تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ اس بار ہندوستان ایسی کارروائی کرے گا کہ پاکستان کو جغرافیائی نقشے پر اپنے مسلسل وجود پر نظر ثانی کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرہ ارض پر اپنا مقام برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اسے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال 22 اپریل کو پہلگام میں پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردوں کے گھناؤنے حملے کے بعد ہندوستان نے 6-7 مئی کو پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گرد کیمپوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا، ایسا کرتے ہوئے ہندوستان نے شہری، اقتصادی اور فوجی اہداف کو کارروائی سے دور رکھا تھا۔