پاکستان دہشت گرد گروہوں کیخلاف اقدامات جاری رکھے: امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان کالعدم لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر شدت پسند گروپس کے خلاف اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے۔واشنگٹن میں ہفتہ وار بریفنگ میں جب پاکستانی صحافی کی جانب سے متھیو ملر سے پوچھا گیا کہ پاکستان کی حکومت نے جو بائیڈن اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں شامل اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے کہ جس میں اپنی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دینے کا کہا گیا تھا۔اس کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے عوام دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور ہم پورے خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کی فہرست کے ضمن میں دہشت گردوں کے خلاف کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن میں گرفتاری اور سزا کا معاملہ بھی شامل ہے۔‘ان کے مطابق ’ہم انڈیا اور پاکستان دونوں کو کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی پابندی کرنے پر سراہتے ہیں۔‘