کراچی ۔ پاکستان اور اس کے کرکٹ بورڈ پی سی بی پر اس وقت ایک بڑا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ پاکستان کو پوری دنیا کے سامنے مایوسی کا سامنا کرنے کا خطرہ ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ پاکستان چمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق سے محروم ہو سکتا ہے کیونکہ اس کے میدان ابھی تک تیار نہیں ہوئے ہیں۔ چمپئنز ٹرافی کا آغاز19 فروری کو ہونا ہے اور پہلا میچ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ چمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے 3 اسٹیڈیمز لاہور، راولپنڈی اورکراچی میں ہونے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ تینوں میدان ابھی تک تیار نہیں ہوئے۔ چمپئنز ٹرافی شروع ہونے میں اب صرف 40 دن رہ گئے ہیں اور پاکستان کے تینوں اسٹیڈیمز میں ابھی تعمیراتی کام جاری ہے۔ اطلاعات ہیں کہ آئندہ ہفتے آئی سی سی حکام پاکستان جائیں گے اور کراچی، راولپنڈی اور لاہورکے اسٹیڈیمزکا معائنہ کریں گے۔ پی سی بی کو اسٹیڈیم کو صحیح وقت پر تیار کرنے کی آخری تاریخ دی گئی ہے۔ اگر پی سی بی اس تاریخ پرمیدانوں کو تیار نہیں کرتا ہے اور آئی سی سی کی چیک لسٹ کے مطابق مقامات تیار نہیں ہوتے ہیں تو پورا ٹورنمنٹ پاکستان سے منتقل ہو سکتا ہے۔ اس صورت میں چمپئنز ٹرافی کا مکمل ٹورنمنٹ یو اے ای میں منعقدکیا جائے گا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ہندوستان کے اس ایونٹ کیلئے پاکستان کا دورہ نہ کرنے سے میز بان ملک کو ایونٹ ہائبرڈ طرز پر کرورانا پڑرہا ہے اور اب میزبانی جانے کا خدشہ مزید مشکلات میں اضافہ کے مترادف ہے ۔