اسلام آباد،2جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ سمیت تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر کو ضلعی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کے روبرو پیش کیا۔انسداد منشیات حکام نے عدالت سے رانا ثنا اللہ سمیت 6 ملزمان جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے مسترد کردیا گیا تاہم عدالت نے ان انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان میں اکرم، عمر فاروق، عامر رستم، عثمان احمد اور سبطین خان شامل ہیں۔رانا ثنا اللہ کی ضلعی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ، جبکہ عدالت کے اطراف میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی تھی۔
