اسلام آباد ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج کا ایک طیارہ جو تربیتی پرواز پر تھا، راولپنڈی کے ایک رہائشی علاقہ میں گر پڑا جس میں 19 افراد بشمول دو پائلٹس اور فوجی عہدیدار ہلاک ہوگئے جبکہ 12 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق طیارہ موضع موراکالو کے مضافاتی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوا۔ رہائشی علاقہ میں گرنے سے پانچ تا چھ مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ کمشنر راولپنڈی علی رندھاوا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حادثہ کا وقت رات 2:30 بجے بتایا۔ مہلوکین اور زخمیوں کو راولپنڈی کے مختلف ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں اکثریت بہت زیادہ جھلس جانے والوں کی ہے۔ ریڈیو پاکستان نے بھی اس حادثہ کی اطلاع دیتے ہوئے 19 افراد کی ہلاکتوں کی توثیق کی۔ اب تک حادثہ کی اصل وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے جبکہ بچاؤ اور راحت کاری مکمل ہوچکی ہے۔
