اسلام آباد، 4اگست (یو این آئی) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مینیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی نے کہا ہے کہ جاپان سے او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے رکن چوہدری آصف محمود کی جانب سے عطیہ کی گئی 5 جدید ایمبولینسیں او پی ایف کا باقاعدہ اثاثہ بن چکی ہیں۔افضال بھٹی نے روزنامہ جنگ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایمبولینسوں سے متعلق تمام ضروری دستاویزات او پی ایف کے دفتر میں جمع کروائی جا چکی ہیں، جبکہ مختلف متعلقہ اداروں سے این او سی کے اجراء کا عمل جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ این او سی موصول ہوتے ہی یہ ایمبولینسیں عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کیلئے میدان عمل میں آ جائیں گی۔ افضال بھٹی نے بتایا کہ او پی ایف کا ہر افسر، ملازم اور نمائندہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے شب و روز کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کو مزید فعال اور مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کے بقول جاپان سے عطیہ کی جانے والی 5 ایمبولینسیں او پی ایف کی فلاحی خدمات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔اس موقع پر جاپان میں مقیم معروف سماجی شخصیت اور او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے رکن چوہدری آصف محمود نے کہا کہ تقریباً 12 کروڑ روپے مالیت کی یہ 5 ایمبولینسیں میں نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے جذبے کے تحت وقف کی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی میں اوورسیز پاکستانیوں اور وطن عزیز کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھوں گا۔ چوہدری آصف محمود نے یہ بھی کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کی خدمت کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔