پاکستان میں دوعیدوں کی بحث کا پھر آغاز

,

   

کراچی۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں رمضان اور عیدالفطر کے چاند کی رویت کا معاملہ ہمیشہ سے ہی متنازعہ رہا ہے اور ملک میں ہر سال دو دو عیدیں منائی جاتی ہیں۔اسی حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے علاوہ کوئی دوسرا ادارہ عید کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کے حوالے سے بیان جاری نہ کرے۔ترجمان نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے محکمہ موسمیات کو بھی چاند کی پیش قیاسی کرنے سے روک دیا ہے اور محکمہ موسمیات سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کرے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں شامل وزارت سائنس و ٹکنالوجی، سپارکو، محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں کے نمائندوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے خود کوئی بیان جاری نہ کریں۔عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو کراچی میں ہوگا جبکہ اسی روز زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنی اپنی مقررہ جگہوں پر منعقد ہوں گے۔وزارت مذہبی امور کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے یہ بیان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے۔ان کے بقول مفتی منیب الرحمان کی خواہش ہے کہ عید کے چاند کے حوالے سے جو بھی حتمی فیصلہ ہو، اس سے وہ خود عوام کو برہ راست آگاہ کریں۔