پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے : سعودی عرب

   

ریاض : سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اور کمپنیاں پاکستان کو اقتصادی ، سرمایہ کاری اور کاروباری حوالے سے ترجیح دیتی ہیں۔اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری 50 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وفد میں ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، توانائی، ایوی ایشن، مائننگ، زراعت اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی کمپنیوں کے نمائندگان شامل ہیں۔سعودی عہدیدار نے کہا کہ اْن کا ملک پاکستان کی اقتصادی صلاحیت بشمول اس کی ڈیموگرافی، محل وقوع اور قدرتی وسائل پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان سعودی عرب کیلئے مرکزی علاقائی شراکت دار ہے۔مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار کا حوالہ دیتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو سرپرستی کرنے والے بین الاقوامی شراکت دار کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب تقریباً 20 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جنہوں نے سعودی عرب کے ویژن 2030 میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے اپنی شراکت داری کو آگے لے جا سکتے ہیں۔پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کو برآمدات کی بنیاد پر ترقی کی طرف لے جانے کیلئے نجی شعبے کو مکمل سہولیات دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری لانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔