ملتان کے دوسرے ٹسٹ میں شان مسعود کی ٹیم کو 120 رنز سے شکست ۔ مہمان اسپنرز چھا گئے۔ وریکین کو میچ اور سیریز ایوارڈز
ملتان: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹسٹ میچز کی سیریز کا ٓخری میچ ویسٹ انڈیز نے آج تیسرے دن 120 رنز سے جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 254 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا لیکن جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں 1990 کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان میں پہلا ٹیسٹ جیتا ہے۔ کھیل کے تیسرے دن کے آغاز پر ہی سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ سلمان علی آغا 15 رنز پر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ ساجد خان 7، نعمان علی 6 اور محمد رضوان 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈین اسپنر جومل وریکین نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیون سنکلیئر نے 3 جبکہ گداکیش موتی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جومل وریکین میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ملتان ٹسٹ کے دوسرے روز اور دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی تھی اور ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے تعاقب میں 76 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رن بنا سکے،کامران غلام 19 اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ملتان ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز 9 رن کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی۔ کپتان کریگ بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے 50 رنز کی بنیاد رکھی، میکائل 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر عامر جنگو نے کپتان کے ساتھ اسکور 92 تک پہنچایا۔ بریتھ ویٹ کی 52 رنز کی اننگز نعمان علی نے ختم کی، اس کے بعد رنز بھی بنتے رہے اور وکٹیں بھی گرتی رہیں۔ وکٹ کیپر ٹیون املاچ نے 35 اور کیون سنکلیئر نے 28 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا۔ نعمان اور ساجد نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دوسرے ٹسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی ٹیم 163 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا سکی تھی۔ نعمان نے شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کئے لیکن پاکستان کو میچ میں شکست ہوگئی۔ اسی طرح ڈیبیو کرنے والے کاشف علی کیلئے بھی یہ میچ یادگار نہ ہوا۔ ان کو صرف ایک وکٹ ملی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔ اس طرح سیریز 1-1 سے ڈرا ہوگئی۔ یہ بریتھویٹ کی زیرقیادت ویسٹ انڈیز کیلئے بہت اچھا نتیجہ ہے، جس نے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں پاکستان کو 9 ویں اور آخری مقام پر پہنچا دیا، اور ٹسٹ چمپئن شپ کا دورانیہ ختم ہوگیا ہے۔