پاکستان میں ٹرین و بس حادثات ‘ 34 افراد ہلاک ‘120 زخمی

,

   

لاہور / اسلام آباد 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں پیش آئے دو علیحدہ حادثات میں آج 34 افراد ہلاک اور 120دوسرے زخمی ہوگئے ۔ ایک حادثہ ٹرین کا تھا جو ایک ٹہری ہوئی مال بردار ٹرین سے صوبہ پنجاب میں ٹکرا گئی ۔ پہلے حادثہ میں 13 افراد ہلاک اور 34 دوسرے زخمی ہوئے تھے جس میں ایک تیز رفتار مسافر بس اسلام آباد کے قریب الٹ گئی ۔ یہ بس سوات سے لاہور جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا جب حسن ابدال کے قریب وہ موڑ کاٹنے کی کوشش کر رہی تھی ۔ دوسرا حادثہ ٹرین کا تھا جو کوئیٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹہری ہوئی مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی ۔ یہ حادثہ صوبہ پنجاب کے صادق آباد تحصیل میں پیش آیا ۔ روزنامہ ڈان نے عہدیداروں کے حوالے سے یہ بات بتائی ۔ مال بردار ٹرین اصل پٹری سے ہٹ کر ٹہرائی گئی تھی جب تیز رفتار مسافر ٹرین مین لائین پر دوڑنے کی بجائے غلط پٹری پر آگئی اور اس سے ٹکرا گئی ۔ علاقائی پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بچاو ٹیمیں ہائیڈرالک کٹرس استعمال کر تے ہوئے تمام نعشوں کو نکال چکی ہیںاور زخمیوں کو بھی ملبہ سے نکالا گیا ہے جنہیں دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میں جملہ 21 افراد ہلاک ہوئے تھے اس کے علاوہ 89 دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔