پاکستان میں ٹڈی دل خطرات، ہندوستان سے ادویات درآمد کرنے کا امکان

   

اسلام آباد ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں اس وقت ٹڈی دل نے جو تباہی مچائی ہے اس نے پاکستان کو اپنے ’’دشمن پڑوسی‘‘ ہندوستان سے کیڑے مار دوا کی درآمد کیلئے مجبور کردیا ہے حالانکہ گذشتہ سال کشمیر میں دفعہ 370 منسوخ کئے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت پر پابندی عائد ہوگئی ہے۔ حکومت پاکستان اب صرف ایک ہی بار یہ استثنیٰ حاصل کرنا چاہتی ہے کہ ہندوستان سے کیڑے مار ادویات کی بڑی کھیپ حاصل کی جائے اور اسی سلسلہ میں پاکستان کی وفاقی کابینہ میں ہندوستان سے کیڑے مار ادویات کی درآمد سے متعلق غورخوض کیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ گذشتہ دہائیوں میں پہلی بار پاکستان کو ٹڈی دل کے خطرات کا سامنا ہے جس نے صوبہ پنجاب میں کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا جو ملک کا انتہائی زرخیز زرعی علاقہ ہے۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں ایک دیگر میٹنگ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ٹڈی دل کے حملوں کو قومی ایمرجنسی کے طور پر اعلان کیا تھا۔