پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد2 ہزار سے متجاوز،27 اموات

,

   

صورتحال سے نمٹنے میں باہمی تعاون کیلئے شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے فون پر بات چیت

اسلام آباد۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کا پھیلاؤبڑھتا جا رہا ہے اور بدھ کے روز وائرس متاثرین کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس سے متاثر اب تک 26 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس متاثرین کے 192 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2040 ہو گئی ہے ۔ اس سے پہلے ملک میں متاثرین کی تعداد 1848تھی۔پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے ۔ یہاں متاثرین کی تعداد 708 ہے جبکہ اب تک نو افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ سندھ میں 679 متاثرہیں اور 8کی موت ہوئی ہے ۔ خیبر پختونخوا میں 253 متاثر ہوئے ہیں اور چھ کی موت ہو چکی ہے . بلوچستان میں 158 متاثر ہیں اور ایک کی موت ہوئی ہے ۔گلگت بلتستان میں 178 متاثرین ہیں اور دو کی موت ہوئی ہے ۔ دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 58 ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں اب تک چھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے اپنے ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں قائدین نے کورونا وائرس وباء کے باعث پیدا شدہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے تعاون و اشتراک سے متعلق اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 27 بتائی گئی ہے۔ حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 1563 ہے جن میں 10 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ سعودی عرب کے شہزادہ و وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے شاہ محمود قریشی نے مہلک کورونا وائرس کے باعث سعودی شہریوں کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت کے بروقت اقدامات کی ستائش بھی کی۔