اسلام آباد 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے صوبہ سندھ میں آج ایڈز کی بیماری کا پتہ چلانے کیلئے اسکریننگ پروگرام رکھا گیا جس میں کم از کم 31 افراد کو اس ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ محکمہ صحت کے حکام نے یہ بات بتائی جبکہ یہاں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے تعلق سے عالمی تنظیم صحت کے حکام بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شکارپور ضلع میں ایچ آئی وی کے نئے کیسیس کا پتہ چلا ہے۔ اس سے قبل یہاں 215 افراد میں ایچ آئی وی ہونے کا پتہ چلا تھا جن میں 161 بچے بھی شامل تھے ۔ ضلع ہیلت آفیسر شبیر شیخ کے بموجب جملہ 2,500 افراد کا اس بیماری کا پتہ چلانے کیلئے معائنہ کیا گیا تھا جن میں 31 افراد کو ایچ آئی وی ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ جن افراد میں ایچ آئی وی ہونے کا پتہ چلاہے ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے اور انہیں عالمی تنظیم صحت کے معیارات کے مطابق مختلف سہولیات و ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
