راولپنڈی ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریزکا آخری میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان ٹیم نے سیریز2-1 سے جیت لی۔ یہ سیریز پاکستانی ٹیم کے لیے بہت خاص تھی۔ سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئیں، بابر اعظم اور شاہین آفریدی جیسے اسٹار کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہرکا راستہ دکھا دیا گیا۔ پاکستان ٹیم کو بھی اس کا فائدہ ہوا، ٹیم نے لگاتار دو میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ٹیم نے یکطرفہ انداز میں کامیابی حاصل کی۔ انگلینڈ نے پاکستان کو میچ اور سیریز جیتنے کے لیے صرف 36 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے یہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا اور میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی جیت لی۔ یادرہے کہ پاکستان نے طویل انتظارکے بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹسٹ سیریز جیت لی ہے۔ اس سے قبل اس نے سال 2021 کے آغاز میں جنوبی افریقہ کوگھر پر شکست دی تھی۔ تقریباً 4 سال کے انتظار کے بعد پاکستان کو گھر پر ٹسٹ سیریز میں فتح ملی ہے۔ اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ساجد خان۔ نعمان علی کی جوڑی کے سامنے پوری ٹیم 267 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس دوران ساجد خان نے6 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا سکی۔ اس دوران پاکستان نے صرف 177 رنز پر اپنی7 وکٹیں گنوا دیں لیکن سعود شکیل نے 134 رنز بنا کر ٹیم میں واپسی کی جس میں نعمان علی کے 45 رنز اور ساجد خان کے 48 رنز بھی شامل تھے۔ اس کے بعد انگلینڈ کی دوسری اننگز مزید خراب ہو گئی۔ پوری ٹیم صرف 37.2 اوورز ہی کھیل سکی اور 112 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس اننگز میں ساجد خان اور نعمان علی نے مل کر تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ساجد خان نے مجموعی طور پر4 بیٹرس کو اپنا شکار بنایا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان ٹیم سیریز جیتنے میں کامیاب رہی۔