پاکستان نے اپنے فضائی علاقوں سے پروازوں پر عائد پابندی منگل کو فوری طور پر ہٹا دی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق، پاکستان کے سول ایوی ایشن حکام نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے اور انڈین ایئر فورس کی فضائی کارروائی کے بعد اپنے فضائی علاقے میں تمام قسم کی پروازوں پر عائد پابندی کو ہٹا دیا ہے جو اس سال ہندوستان کے ساتھ تعطل کے بعد لگائی گئی تھی۔
پاکستان اہم ایوی ایشن کوریڈور کے درمیان میں پڑتا ہے۔ اس سے ہر دن سینکڑوں مسافر اور مال بردار طیاروں کی پروازوں پر اثر پڑ رہا تھا۔ اس سے ائیر لائنس کے ایندھن پر بھی زیادہ خرچ اٹھانا پڑ رہا تھا۔ اس کے علاوہ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں پہلے سے زیادہ وقت لگ رہا تھا۔ ویسے اس پابندی کی وجہ سے پاکستان کو بھی زبردست نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان کو ایک فلائٹ سے اوسطاً 500 ڈالر ملتے تھے، لیکن ائیر اسپیس بند ہونے کے بعد سے یہ کمائی بند ہو گئی تھی۔
خبروں کے مطابق پاکستان نے سبھی ائیر لائنوں کو آج تقریباً 12.41 بجے سے اپنے ائیر اسپیس سے پرواز بھرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان کے شہری ہوابازی اتھارٹی نے اپنے ائیرمین کو ہندوستانی وقت کے مطابق 12.41 بجے ایک نوٹس جاری کیا۔ اس میں کہا گیا کہ فوری اثر سے پاکستان کا ائیر اسپیس سبھی ائیر ٹرانسپورٹیشن سروس روٹ پر سبھی طرح کے مسافر طیاروں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔