نیویارک۔ پاکستان نے توسیع کی صورت میں سلامتی کونسل میں مسلم ممالک کو مناسب نمائندگی دینے کا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا مطالبہ اقوام متحدہ میں پیش کر دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم جو اقوام متحدہ میں 57رکنی او آئی سی گروپ کے شریک چیئرمین بھی ہیں نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی بین الحکومتی مذاکرات کے ریاستی گروپ ( آئی جی این ) کے اجلاس میں درخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وہ آئی جی این عمل کے شریک چیئرمینوں کو یہ قرارداد منتقل کریں گے جو گزشتہ ماہ اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں منظور کی گئی تھی جس میں متفقہ طور پر سلامتی کونسل کی تشکیل نو میں او آئی سی کے رکن ممالک کو مناسب نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔