لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھتے ہوئے نہ صرف پاکستان کے بیرونی قرضے معاف کیے جائیں بلکہ سیلاب کی وجہ بننے والے موسمیاتی تغیرات پر معاوضہ بھی دیا جائے۔ برطانیہ کی رکن اسمبلی کلاڈیا ویب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں مہنگائی 27 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اس لیے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے بیرونی قرضہ فوری طور پر معاف کیے جائیں۔ کلاڈیا ویب نے مزید لکھا کہ پاکستان کو جن موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے جن میں بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی شامل ہیں۔ یہ سب عالمی قوتوں کی وجہ سے ہیں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں جب کہ پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے۔
جاپان میں شدید بارش
ٹوکیو: جاپان کے مختلف حصوں بالخصوص شیزوکا صوبہ میں موسلادھار بارشوں نے نظام ِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ جاپان میں موسلادھار بارش کے باعث 4 لاکھ 8 ہزار 933 افراد کو نقل مکانی کرنے کا کہا گیا ہے تو تیز رفتار ٹرین سروس معطل کردی گئی۔ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص شیزوکا صوبہ میں موسلادھار بارش نے نظام ِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔