پاکستان :کورونا کیسز میں اضافہ جمعہ سے نئی پابندیوں کا آغاز ؟

   

اسلام آباد : پاکستان کے وزیر منصوبہ و ترقیات اسد عمر کا کہنا ہے ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث جمعہ سے نئی پابندیوں کا آغاز کریں گے جبکہ کچھ بڑے شہر بند کرنے پڑ سکتے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا گیا، صورتحال اچھی نظر نہیں آرہی، گزشتہ سال قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا، اس مرتبہ عمل نہیں ہو رہا اور حفاظتی تدابیر دیکھنے میں نہیں آرہیں جبکہ انتظامیہ بھی کارروائی نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں کورونا کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کا جنوبی حصہ وبا سے نسبتاً محفوظ تھا کیونکہ وائرس کی برطانوی قسم شمالی علاقوں میں زیادہ پائی جارہی تھی، لیکن اب سندھ میں بھی کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور کراچی میں وائرس کی شرح 13 اور حیدر آباد میں 14 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ روزانہ 600 سے زائد مریض اسپتال پہنچ رہے ہیں۔