پاکستان کو دھکا ،زخمی شاہین ایشیا کپ سے باہر

   

دبئی ۔ پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ ٹی20 کی تیاریوں کو بڑا دھکا لگا ہے اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 6 ملکی ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے ساتھ ساتھ 4 سے 6 ہفتوں کے لیے کھیل کے میدان سے بھی دور ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور آزاد اسپیشلسٹ کے پینل نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ڈاکترز کے مشورے کے بعد شاہین ایشیا کپ ٹی20 سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی اپنی ٹیم کو ان کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے وہ فٹ ہو جائیں گے۔ شاہین سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں گھٹنے کے زخم کا شکار ہو گئے تھے۔ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا کہ میں نے شاہین سے بات کی ہے اور وہ اس خبر سے پریشان ہیں لیکن وہ بہادر نوجوان ہیں جس نے اپنے ملک اور ٹیم کے لیے مستقبل میں خدمات انجام دینا کا عزم ظاہر کیا ہے۔ نیدرلینڈز میں ٹیم کے ساتھ موجود فاسٹ بولر شاہین کی تکلیف میں قدرے بہتری آئی ہے لیکن اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ انہیں مزید وقت درکار ہے اور ان کی اکتوبر میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کا امکان ہے۔ پی سی بی کا اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈپارٹمنٹ آنے والے ہفتوں میں کھلاڑی کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ان کی مسابقتی کرکٹ میں محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا اور پاکستانی ٹیم پیرکو روٹرڈیم سے دبئی پہنچے گی۔