پاکستان کیخلاف فرنٹ فٹ نوبال ٹیکنالوجی کا استعمال

   

مانچسٹر۔ انگلینڈ اور پاکستان کے مابین ٹسٹ سیریز کے دوران فرنٹ فٹ نوبال ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہاہے۔ تھرڈ امپائر ہرگیند کے بعد فرنٹ فٹ لینڈنگ کی نگرانی کرے گا اور اگر گیند نو بال ہو تو فیلڈ امپائر سے رابطہ کرے گا۔ آن فیلڈ امپائروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک کہ تیسرے امپائر کی طرف سے ایسا کرنے کا مشورہ نہ دیا جائے تو وہ کسی بھی فرنٹ فٹ کو نوبال نہ کہیں ، آن فیلڈ امپائرز دیگر تمام قسم کی نو بال کو کال کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔آئی سی سی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ سیریز میں فرنٹ فٹ نوبال ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ ٹسٹ کرکٹ میں اس کے مستقبل کے استعمال سے متعلق کسی بھی فیصلے سے قبل ان ٹسٹ میچوں میں ٹیکنالوجی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں آسٹریلیا میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے ٹورنمنٹ میں بھی فرنٹ فٹ نوبال ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا تھا۔