پاکستان کی ایک ہوٹل میں خوفناک دھماکہ، 4 ہلاک

,

   

اسلام آباد: پاکستان کے بلوچستان صوبے کی راجدھانی کوئٹہ میں ایک چار ستارہ ہوٹل میں دھماکہ سے ایک پولیس افسر سمیت 4 افراد کی موت ہوگئی اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ کوئٹہ میں واقع سیرینا ہوٹل میں کل شب تقریباً دس بجکر 15 منٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ ہوٹل کی پارکنگ میں ہوئے دھماکہ سے ایک پولیس عہدیدار اور ہوٹل کا ایک حفاظتی گارڈ سمیت 4 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 12 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ سے بہت سی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پاکستان کے ایک اخبار نے پولیس سپرنٹندنٹ طاہر رائے کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ کے بعد ہوٹل کا محاصرہ کرلیا گیا اور انسداد دہشت گردی دستے کو واقعہ کی جانچ کے احکام دیئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سیرینا ہوٹل کی پارکنگ میں یہ خوفناک دھماکہ ہوا۔ سکیوریٹی عہدیداروں نے بتایا کہ پارکنگ لاٹ میں ایک کار کے داخل ہونے کے چند ہی منٹوں بعد یہ دھماکہ ہوا۔ اِس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا۔ پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ راشد احمد نے اِس واقعہ کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چینی سفارت کار کی زیرقیادت چین کا 4 رکنی وفد اِس ہوٹل میں قیام پذیر تھا۔ کوئٹہ کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کسی گاڑی میں دھماکہ خیز مادہ رکھا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت چینی سفیر موجود نہیں تھے۔ کسی گروپ نے اِس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم چند گھنٹوں بعد پاکستان طالبان نے ذمہ داری قبول کی اور کہاکہ یہ خودکش حملہ تھا۔