پاکستان کی تائید میں نعرہ بازی ،نظام آباد میںتین گرفتار

   

حیدرآباد ۔18فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں تین افراد کو غداری کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا ، جنہوں نے پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد ملک دشمن اور پاکستان کی تائید میںنعرے لگاتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا تھا ۔ ان تین افراد میں دو کا تعلق اترپردیش سے ہے اور ایک نظام آباد کا مقامی شخص ہے جنہیں ایک شخص کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ جب اس نے سوشل میڈیا پر گشت کرنے والی ایک ویڈیو دیکھا تھا جس میں جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فبروری کو جیش محمد کے خودکش بمبار حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کے بعد ہندوستان کی مخالفت اور پاکستان کی تائید میں نعرہ بازی کی جارہی تھی ۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا تھا کہ یہ تینوں افراد رقص کررہے تھے اور یہ افراد بالی ووڈ فلمز ’’ غدر ایک پریم کتھا ‘‘ کے مکالمہ کے ایک حصہ پر لب کشائی کررہے تھے اور پس منظر میں ہندوستان کے خلاف اور پاکستان کی تائید میں نعرہ بازی کی جارہی تھی ۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ 124A ( غداری) ، 153A ( مخاصمت پھیلانے ) ، 505(2) ( نقص امن عامہ ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ دوران تحقیقات ان تینوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ دو ملزمین ہیر ڈریسنگ سالون میں حجامت بنانے کا کام کرتے ہیں اور ایک ڈرائیور ہے ان کی عمر 22اور 27سال کے درمیان ہے ۔