کراچی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی افسانوی اداکارہ ذہین طاہرہ کا 79 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ایکسپریس ٹریبون کے مطابق عارضہ قلب میں مبتلاء ذہین طاہرہ کو گذشتہ ماہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا تاہم ان کی حالت بگڑنے پر انہیں مصنوعی عمل تنفس پر رکھتے ہوئے کریٹکل کیئر یونٹ (سی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔ فیس بک پر مرحومہ کے پوتے دانیال شہزاد خان نے بھی اپنی دادی کی موت کی اطلاع دی۔ حالیہ دنوں میں ان کی صحت بہتر ہونے کی خبریں بھی سوشیل میڈیا پر گشت کرتی رہی ہیں۔ پاکستانی ٹیلیویژن کیلئے انہیں سینئر ترین اداکارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور اب تک انہوں نے 700 ڈرامہ سیرئلس میں اہم رول ادا کئے ہیں۔ 1960ء سے 1980ء کے دہے میں مرحومہ پاکستانی ٹیلیویژن کی مصروف ترین اداکارہ تھیں۔ 2013ء میں انہیں ’’تمغۂ امتیاز‘‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
