پاکستان کی فضائی حدود پروازوں کیلئے جزوی طور پر کھول دی گئیں

   

لاہور ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہزاروں سیاح جن کا تعلق دنیا بھر سے ہے، پاکستان میں راحت کا سانس لینے کے قابل بن گئے جبکہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود جزوی طور پر پرواز کیلئے کھول دیں۔ دو دن قبل پاکستان کی فضائی حدود ہندوستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ کے پیش نظر بند کردی گئی تھیں۔ شہری ہوا بازی اتھاریٹی نے اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ایرپورٹ سے تجارتی پروازوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ تاہم مشرقی پاکستان کے ایرپورٹ لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور بھاولپور 4 مارچ تک بند رکھے جائیں گے۔ پاکستان کی فضائی حدود بند کردیئے جانے سے ہزاروں فضائی مسافرین جن کا تعلق پوری دنیا سے ہے، 700 انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازوں کے گذشتہ تین دن سے منسوخ ہوجانے کی وجہ سے پھنس کر رہ گئے تھے۔ لاہور ایرپورٹ پر چار ہندوستانی شہری ہنوز پھنسے ہوئے ہیں۔