ہندوستان کی حدود میں گھسے پاکستان کے ایف۔16 جنگی طیارہ کو مار گرانے والے فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو ویر چکر سے نوازا جائے گا۔ جمعرات کو یوم آزادی پر حکومت ہند کی جانب سے ابھینندن کو اعلیٰ فوجی اعزاز دیا جائے گا۔
بتا دیں کہ 14 فروری کو جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں 40 فوجی شہید ہو گئے تھے۔ اس حملے کے 13 دن بعد ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے بالاکوٹ میں گھس کر دہشت گردانہ کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔
حملے سے بوکھلائے پاکستان نے دوسرے دن ہندوستانی حدود میں گھسنے کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان نے مگ -21 (مگ 21) بائیسن سے پاکستان کے ایف۔16طیارے کو ڈاگ فائٹ میں کنٹرول لائن کے پاس مار گرایا۔
واضح ر ہے کہ جب ابھینندن نے مگ۔21 سے پاکستان کے ایف۔16 کو مار گرایا تھا اس کے کچھ سیکنڈ کے بعد ان کا طیارہ بھی تباہ ہو گیا اور انہیں طیارہ سے کودنا پڑا۔ ابھینندن غلطی سے پاکستان کی حدود میں اتر گئے جس کے بعد انہیں پاکستانی فوج نے پکڑ لیا تھا۔ حالانکہ، بین اقوامی دباؤ کے بعد ہی پاکستان نے انہیں رہا کر دیا تھا اور وہ واپس ملک لوٹ آئے تھے۔