رنگا رنگ پلے کارڈز، پوسٹرز اور فلک شگاف نعرے
اسلام آباد:پاکستان کے مختلف شہروں میں پیر کو خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عورت آزادی مارچ پریس کلب سے شروع ہو کر ڈی چوک پہنچا اور شام کے وقت اختتام پذیر ہوگیا۔اس کے علاوہ کراچی میں فریئر ہال سے میٹروپول تک اور لاہور میں پریس کلب سے پی آئی اے کی عمارت تک مارچ منعقد کیے گئے۔کراچی میں میٹروپول کے مقام پر مارچ کے شرکا کی جانب سے مختصر دھرنا دیا گیا جو بعد میں پرامن طور پر منتشر ہوگیا۔ صحافی سارہ عتیق کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے عورت آزادی مارچ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے علاوہ مرد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔گذشتہ سال کے مارچ کے دوران ہونے والے تصادم کے واقعے کے بعد اس بار سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔’مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے‘: پاکستان میں ’عورت مارچ‘ کے نعرے اور مطالبات۔پولیس کی بھاری جمعیت اس موقع پر موجود تھی۔بارش کی وجہ سے مارچ کے شرکا کی تعداد میں کمی دیکھی گئی لیکن جوں جوں مارچ ڈی چوک کی طرف بڑھتا گیا، شرکا کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔