پاکستان کے نیوز پروگرام میں ’’فوجی جوتا‘‘

   

دکھانے پر اینکر اور پروگرام پر پابندی
اسلام آباد ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی میڈیا واچ ڈاگ نے ایک پاکستانی ٹی وی اینکر اور اس کے نیوز پروگرام پر 60 دنوں کی پابندی عائد کردی ہے کیونکہ پروگرام کے دوران ایک کابینی وزیر کو اپوزیشن کی توہین کرنے کیلئے ایک ’’فوجی جوتا‘‘ دکھائے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا نے کاشف عباسی کے پروگرام ’’آف دی ریکارڈ‘‘ میں شرکت کی تھی جس کے دوران انہوں نے حالیہ دنوں میں پارلیمنٹ میں منظور کردہ آرمی ایکٹ کی تائید میں ووٹنگ کرنے والی اپوزیشن جماعتوں پی ایم ایل (این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی توہین کرتے ہوئے انہیں ’’فوجی جوتا‘‘ دکھایا تھا۔ اس موقع پر پروگرام کے دیگر شرکاء پی پی پی قائد قمر زماں کائرہ اور پی ایم ایل (این) قائد جاوید عباسی بطور احتجاج پروگرام کو درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے جبکہ شو کے میزبان محض مسکراتے رہے لیکن وفاقی وزیر کو اس توہین آمیز رویہ کیلئے روک نہیں سکے۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی (PEMRA) نے نیوز پروگرام اور اینکر کے خلاف میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کاشف عباسی اور ان کے پروگرام ’’آف دی ریکارڈ‘‘ پر 60 دنوں کی پابندی عائد کردی۔