پاکستان کے وزیرخارجہ کا آج ترکی کا دورہ افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کا امکان

   

اسلام آباد:ترکی کے وزیرخارجہ میولت چاؤش اوغلو کی دعوت پر وزیرخارجہ پاکستانشاہ محمود قریشی دو روزہ دورہ کریں گے جہاں افغان امن عمل کے حوالے سے سہ فریقی کانفرنس بھی ہوگی۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میولت اوغلو کی دعوت پر شاہ محمود قریشی 23 اپریل 2021 کو ترکی کا دورہ کریں گے۔دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ دورے میں وزیرخارجہ اپنے ترک ہم منصب سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے اور پاکستان، ترکی اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔بیان کے مطابق دوطرفہ مذاکرات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ دو طرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے اور ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی)کے ساتویں سیشن کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو ترکی میں رواں برس ہوگا۔دونوں فریقین خطے کی سیکیورٹی کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے بیان کے مطابق سہ فریقی اجلاس میں ترکی اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ شاہ محمود قریشی افغانستان میں امن عمل سے متعلق ہونے والی تازہ پیش رفت، پرامن افغانستان کے لیے بین الافغان مذاکرات کے ذریعے مشترکہ کامیابیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیرخارجہ اجلاس کے دوران افغان امن عمل میں پاکستان کی قیمتی کاؤشوں کو بھی اجاگر کریں گے۔ترکی اورپاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے پر غیرمعمولی اعتماد اور احترام بھی ہے، وزیرخارجہ کا دورہ ترکی دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر تبادلوں کا حصہ ہے۔قبل ازیں ترک وزیرخارجہ میولت اوغلو نے رواں برس جنوری میں پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔