پاکستان 147 سالہ تاریخ میں بدترین شکست برداشت کرنے والی پہلی ٹیم

   

ملتان ۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ایک اننگز اور47 رنز سے جیت گئی۔ پاکستان کے لیے یہ ان کی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے شرمناک شکست ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ کے نام ایک شرمناک ریکارڈ بھی شامل ہو گیا ہے۔ ان کی ٹیم کو ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جو ٹسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں کسی اور ٹیم کو نہیں اٹھانا پڑا۔ پاکستانی ٹیم نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے۔ ایسے میں انہوں نے میچ کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کیا۔ میچ کے پہلے ساڑھے تین دن تک کھیل ڈرا کی طرف بڑھتا رہا لیکن چوتھے دن کے آخری سیشن سے میچ نے ایسا موڑ لیا کہ پاکستان کو اننگز اور47 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ یاد رہے کہ ٹسٹ کرکٹ کی147 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پہلی اننگز میں 500 سے زیادہ رنز بنانے کے بعد بھی کوئی ٹیم اننگز سے ٹسٹ میچ ہار گئی ہو۔ 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 150 اوورز میں 823 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔ اس طرح انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی لیکن اس آسان پچ پر پاکستان کی دوسری اننگز صرف 220 رنز پر سمٹ گئی جس کی وجہ سے اسے اننگز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کھیل کے آخری روز پاکستان نے152 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کے ہاتھ میں 4 وکٹیں باقی تھیں لیکن پاکستانی ٹیم پانچویں دن میدان پر ایک بھی سیشن نہ چل سکی۔ اس میچ میں جو روٹ اور ہیری بروک نے پاکستانی بولروں کی پٹائی کی۔ جو روٹ نے پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے جبکہ ہیری بروک نے ٹرپل سنچری اسکورکی اور317 رنز بنائے۔ وہ انگلینڈ کے لیے تیز ترین ٹرپل سنچری بنانے والے بیٹر بھی بن گئے۔ دوسری جانب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 454 رنز کی شراکت ہوئی جو انگلینڈ کے لیے ٹسٹ کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔