پاک۔ جنوبی آفریقہ کرکٹ میچ: پاکستان کا308/7 رنز کا نشانہ

   

شعیب ملک کے متبادل حارث سہیل نے 89 رنز بنائے ، جنوبی آفریقہ کا جوابی اننگز میں 24 اوورس پر103/3 کا اسکور
لارڈس۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 309رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک وکٹ سے محروم ہو گئی ہے۔جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض نے کوئنٹن ڈی کوک کا کیچ گرا کر پاکستان کو اہم کامیابی سے محروم کردیالیکن پاکستان کو پہلی وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور دوسرے ہی اوور میں ہاشم آملا دو رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیر لانے کی پاداش میں پویلین لوٹ گئے۔قبل ازیں لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جا رہے ورلڈ کپ کے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اوپنرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا اور ٹیم کو 8ویں اوور میں ہی 50 کا ہندسہ عبور کروایا تاہم 15ویں اوور میں 81 کے مجموعے پر عمران طاہر کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے فخر زمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔نئے آنے والے کھلاڑی بابر اعظم کے ساتھ دوسرے اوپنر امام الحق نے ٹیم کے اسکور کو 98 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ وہ بھی عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس مرتبہ عمران طاہر نے بہترین فیلڈنگ کرتے ہوئے اپنی ہی گیند پر امام کا شاندار کیچ لیا، دونوں پاکستانی اوپنرز 44 ، 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔حارث سہیل نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بابر کے ہمراہ شاندار شراکت قائم کی۔بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بابر اعظم کیساتھ مل کر چوتھی وکٹ کیلئے 79رنز کی ساجھے داری قائم کی جس سے پاکستان کے بڑے اسکور کی راہ ہموار ہوئی۔حارث نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور عماد کے ساتھ 40 گیندوں پر 71رنز جوڑے جس میں عماد کا حصہ صرف 23رنز کا تھا۔اننگز کے آخری اوور میں حارث سہیل کی 59گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 89رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔