پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کی میعاد آج ختم

   

Ferty9 Clinic

حکومت کے احکامات، 50 ہزار تقررات کیلئے نئے صدرنشین کی نامزدگی
حیدرآباد: حکومت کی جانب سے 50,000 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلان کے فوری بعد تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین اور تین ارکان کی میعاد ختم ہوگئی جس کے نتیجہ میں بیروزگار نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے احکامات جاری کرتے ہوئے 17 ڈسمبر کو صدرنشین اور تین ارکان کی میعاد کی تکمیل پر سبکدوشی کی ہدایت دی ہے۔ پروفیسر جی چکراپانی اور تین ارکان سی وٹھل ، ڈاکٹر بی چندرا وتی اور ڈاکٹر محمد متین الدین قادری کی میعاد جمعرات کو ختم ہوجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے تقررات کا عمل شروع کرنے کیلئے عبوری طور پر صدرنشین کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیشن میں صرف دو ارکان باقی ہیں جن کی میعاد علی الترتیب فروری اور اکتوبر میں ختم ہوگی۔ بیروزگار نوجوانوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل عمل میں لائے ۔ کمیٹی نے کہا کہ کمیشن کی غیر موجودگی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ممکن نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کسی ریٹائرڈ آئی اے ایس یا آئی پی ایس عہدیدار کو صدرنشین کے عہدہ پر نامزد کرنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ میں بہتر حکمرانی کے لئے گروپ I اور گروپ II کے تحت کئی اہم جائیدادوں پر تقررات ضروری ہیں۔ مختلف یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ برقی اداروں میں سینکڑوں جائیدادیں تقرر طلب ہیں۔