حیدرآباد ۔ سائبر آباد میں ایک کمسن طالب علم کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ پب جی گیم میں مصروفیت اس بچہ کی موت کی وجہ تصور کیا جارہا ہے۔ جو آن لائن کلاسیس کے لئے موبائیل اپنے ساتھ رکھتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے پولیس اس بچہ کے سیل فون کی ٹکنیکل جانچ کررہی ہے۔ تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس 12 سالہ لڑکے منی کنٹہ کی خودکشی کا سبب پب جی گیم مانا جارہا ہے۔ منی کنٹہ کی خودکشی کا انکشاف اس وقت ہوا جب اس کے والد نے مکان پہنچکر دیکھا تو اس نے فیان کے ذریعہ پھانسی لے لی تھی۔ فوری طور پر اس کمسن کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انسپکٹر پولیس کوکٹ پلی نرسنگ راؤ نے بتایا کہ سنگیت نگر کالونی کے ساکن آنند اور لکشمی کے دو بیٹے 18 سالہ پرشورام اور 12 سالہ منی کنٹہ تھے۔ آنند ایک موٹر سائیکل شوروم میں کام کرتا ہے۔ دونوں میاں بیوی ملازمت کرتے ہیں اور بچوں کو گھر میں ہمیشہ کی طرح چھوڑ دیا تاکہ وہ آن لائن جاری تعلیم میں مصروف رہے لیکن آنند ملازمت پر جانے کے تھوڑی دیر بعد مکان لوٹا تو اس نے مکان میں اپنے بچہ کو فیان سے لٹکا ہوا پایا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کے زاویہ کو کسی دشمن کے طرف موڑ دیا تاہم انسپکٹر پولیس کا کہنا ہیکہ اس کے والدین نے کسی سے دشمنی یا پھر اس طرح کے شبہات کا اظہار نہیں کیا ہے۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔
