پتھر گٹی کا اتوار بازار ، مختلف اشیاء کم قیمت میں دستیاب

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے علاقہ پتھر گٹی تا چارمینار ہر اتوار کی صبح اتوار بازار لگایا جاتا ہے ۔ جس میں مقامی افراد کے علاوہ سیاح پرانا سامان خریدنے کے لیے آتے ہیں ۔ اتوار بازار میں سائیکلوں کے علاوہ قدیم نوادرات ، کپڑے ، گاڑیوں کے پرزے ، الکٹرانک اشیاء ، موبائل فونس ، چارجرز ، ٹیلی ویژن سیٹ ، گھڑیاں پلاسٹک کی اشیاء کے علاوہ گھریلو اشیاء بھی یہاں دستیاب رہتی ہیں ۔ ایک مقامی تاجر محمد جاوید نے بتایا کہ یہ اتوار بازار گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے جو صبح 5 سے 10 بجے دن تک جاری رہتا ہے ۔ ہر اتوار کو تقریبا 200 سے زائد تاجر اپنے اسٹالس سڑک کے کنارے لگاتے ہیں ۔ مقامی تاجر نے بتایا کہ وہ یہ سامان دکانوں سے خریدتے ہیں اور انہیں جمعرات بازار اور اتوار بازار میں فروخت کرتے ہیں ۔ اتوار ہونے کی وجہ سے دکانات بند رہتے ہیں جس سے انہیں اپنا سامان فروخت کرنے میں آسانی ہوتی ہے ۔ اتوار بازار میں سامان کی قیمتوں میں کافی کمی ہوتی ہے۔ اتوار بازار قدیم اشیاء جمع کرنے والوں کے لیے ایک بہترین مقام ہے ۔ اتوار بازار کی خصوصیت ہے کہ یہاں تقریبا ہر اشیاء میسر ہوتی ہے اور ان کی قیمتیں بھی مارکٹ سے کم ہوتی ہے ۔ سستی اور معیاری اشیاء کی تلاش میں آنے والے افراد یہاں سے کچھ نہ کچھ اپنے ساتھ لیجاتے ہیں ۔ آج کے جدید دور میں آن لائن شاپنگ کی دھوم ہونے کے باوجود اتوار بازار نے اپنی چمک کو برقرار رکھا ۔۔ ش